Please wait..

ضبط

 
طریقِ اہلِ دنیا ہے گلہ شکوہ زمانے کا
نہیں ہے زخم کھا کر آہ کرنا شانِ درویشی

معانی: طریقِ اہل دنیا: دنیاداروں کا طریقہ ۔ گلہ شکوہ زمانے کا: یعنی زمانے کا بُرا بھلا کہنا ۔ شانِ درویشی: درویش کی شان ۔
مطلب: جو لوگ دنیا دار ہیں ان کا طریقہ یہ ہے کہ وہ زمانے کا شکوہ اور شکایت کرتے رہتے ہیں ۔ لیکن جودرویش لوگ ہیں وہ زمانے کے زخم کھا کر بھی آہ نہیں کرتے اور اسے خدا کی رضا سمجھتے ہوئے اسے برداشت کرتے ہیں ۔

 
یہ نکتہ پیرِ دانا نے مجھے خلوت میں سمجھایا
کہ ہے ضبطِ فغاں شیری ، فغاں روباہی و میشی

معانی: ضبط: روکنا ۔ ضبطِ فغاں : آہ و زاری کو روکنا ۔ شیری: بہادری ۔ روباہی و میشی: لومڑیوں اور بھیڑوں جیسا طریقہ ۔
مطلب: مجھے ایک دانشمند بزرگ نے تنہائی میں یہ باریک بات سمجھائی کہ مصیبت کے وقت فریاد کو ضبط کر لینا اور مصیبت پر آہ و فریاد نہ کرنا شیروں کی خصلت ہے اور ایسے موقع پر آہ و فریاد کرنا اور مصیبت کو برداشت نہ کرنا، لومڑی اور بھیڑ کی طرح کی مکاری اور بزدلی ہے ۔