Please wait..

قلندر کی پہچان

 
کہتا ہے زمانے سے یہ درویشِ جواں مرد
جاتا ہے جدھر بندہَ حق تو بھی ادھر جا

معانی: درویش جوانمرد: بہادر درویش ۔ بندہَ حق: اللہ کا بندہ ۔
مطلب: یہاں درویش جواں مرد (مردانہ قوتیں رکھنے والے درویش) سے مراد قلندر ہے ۔ اور قلندر کی پہچان کے سلسلے میں یہ اس کی پہلی صفت بیان کی ہے اور دوسری صفت یہ بیان کی ہے کہ یہ قلندر درویش زمانہ سے کہتا ہے کہ اس راستہ پر چلو جس راستہ پر اللہ کے طالب اور حق کے پرستار اور بندے چلتے ہیں ۔

 
ہنگامے ہیں میرے تری طاقت سے زیادہ
بچتا ہوا بُنگاہِ قلندر سے گزر جا

معانی: بُنگاہِ قلندر: قلندر کا ٹھکانہ ۔
مطلب: قلندر درویش مزید کہتا ہے کہ میرے ہنگامے اے زمانے تیری برداشت اور طاقت سے زیادہ ہیں ۔ تیرا پرستار تو ان کو برداشت نہیں کر سکے گا اس لیے اس کے واسطے ضروری ہے کہ وہ میری خانقاہ سے بچتا ہوا گزر جائے ۔ میری خانقاہ پر تو وہ ٹھہرے جو راہ حق میں میری طرح کا جواں مرد ہو اور میرے ہنگامے برداشت کرنے کی طاقت رکھتا ہو ۔

 
میں کشتی و ملاح کا محتاج نہ ہوں گا
چڑھتا ہوا دریا ہے اگر تو تو اتر جا

معانی: اے زمانے تو اگر طوفان میں بپھرا ہوا ہے تو تیرے لیے بہتر ہے کہ تو طوفان کو ختم کر دے ۔ تیرا کیا خیال ہے کہ مجھے تیرے پار جانے کے لیے کشتی کی اور کشتی چلانے والے کی ضرورت ہے ۔ ہرگز نہیں ۔ میں ان کا محتاج نہیں ۔ تجھ میں کتنا بڑا طوفان کیوں نہ آیا ہو میرے لیے تو وہ پایاب ہے ۔ جب چاہوں اور جیسے چاہوں اس کو پار کر جاؤں ۔

 
توڑا نہیں جادو مری تکبیر نے تیرا
ہے تجھ میں مُکر جانے کی جراَت تو مُکر جا

معانی: تکبیر: نعرہ ۔ مُکر جا: انکار کر دے ۔
مطلب: پہلا مصرع سوالیہ انداز میں ہے ۔ قلندر زمانے سے کہتا ہے کہ کیا میرے اس عقیدے نے کہ اللہ اکبر ہے باقی سب اس سے کم ہیں تیرا جادو توڑ نہیں دیا ۔ تجھے بڑا زعم تھا۔

 
مہر و مہ و انجم کا محاسب ہے قلندر
ایّام کا مرکب نہیں راکب ہے قلندر

معانی: مہر: سورج ۔ مہ: چاند ۔ انجم: ستارے ۔ محاسب: حساب کرنے والا ۔ مرکب: سواری ۔ راکب : سوار ۔
مطلب: ستارہ شناس اور اہل نجوم کہتے ہیں کہ زمانہ چاند، سورج ، ستاروں اور آسمان کی گردش کے تابع ہے ۔ وہ عام حالات میں ٹھیک کہتے ہوں گے لیکن جہاں تک قلندر کی طاقت کا تعلق ہے سورج، چاند، تارے اور آسمان سب اس کے تابع ہیں ۔ وہ جس طرح چاہتا ہے ان کی گردش کو کنٹرول کر سکتا ہے ۔ قلندر ایام کا گھوڑا نہیں بلکہ خود گھڑ سوار ہے ۔ زمانے کے گھوڑے کی باگ اس کے ہاتھ میں ہے وہ جس طرح چاہے زمانے کو موڑ سکتا ہے ۔