Please wait..

(37)

 
فطرت کو خرد کے رو برو کر
تسخیرِ مقامِ رنگ و بو کر

معانی: خرد: عقل ۔ تسخیر: فتح پانا، فتح حاصل کرنا ۔ مقامِ رنگ و بو: دنیا کا مقام ۔
مطلب: دنیا کی تسخیر کا بنیادی طریقہ یہ ہے کہ اپنی فطری صلاحیتوں کے ساتھ عقل سلیم سے بھی کام لے اسی صورت میں تو کامیابی کی منزلیں طے کر سکتا ہے ۔

 
تو اپنی خودی کو کھو چکا ہے
کھوئی ہوئی شے کی جستجو کر

مطلب: یوں محسوس ہوتا ہے کہ تو نے اپنی خودی کو ضائع کر دیا ہے اگر توکامیابی کے مراحل طے کرنے کا خواہاں ہے تو پھر اس کھوئی ہوئی شے کو پھر سے تلاش کر لے ۔ مراد یہ کہ خودی وہ جوہر ہے جس کے بغیر انسان زندگی میں کسی مرحلے پر بھی کامیاب نہیں ہو سکتا ۔

 
تاروں کی فضا ہے بیکرانہ
تو بھی یہ مقامِ آرزو کر

معانی: بیکرانہ: بہت وسیع، کنارے کے بغیر ۔
مطلب: جس طرح آسمان کی وسعتوں میں لامحدود طریق پر ستارے دمک رہے ہیں تو بھی اپنی صلاحیتوں کو اسی نوع کی وسعت سے ہم کنار کر ۔

 
عریاں ہیں تیرے چمن کی حوریں
چاکِ گل و لالہ کو رفو کر

معانی: چمن کی حوریں : استعارہ، مسلمانوں کو کہا گیا ۔ چاکِ گل و لالہ: پھولوں کے زخم، مراد مسلمان ۔ رفو: سینا ۔
مطلب: تیری دنیا کی کتنی دوشیزائیں مکمل لباس سے محروم ہیں ۔ اس لیے لازم ہے کہ ان کی تن پوشی کا اہتمام کر ۔

 
بے ذوق نہیں اگرچہ فطرت
جو اس سے نہ ہو سکا، وہ تو کر

معانی: بے ذوق: جس میں کوئی صلاحیت نہ ہو ۔
مطلب: ہر چند کہ فطرت بھی بے ذوق نہیں ہے اس کے باوجود جو کام وہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچا سکی اسے تو اپنی جدوجہد اور عمل سے مکمل کر لے ۔