Please wait..

قبر

 
مرقد کا شبستاں بھی اسے راس نہ آیا
آرام قلندر کو تہِ خاک نہیں ہے

معانی: مرقد: قبر ۔ شبستاں : خوابگاہ ۔ راس: پسند ۔ قلندر: مومنِ کامل ۔
مطلب: قلندر کو قبر کی محفل تاریک بھی موافق نہ بیٹھی وہ وہاں بھی بے چین ہے اور آرام سے نہیں بیٹھا ہوا ۔

 
خاموشیِ افلاک تو ہے قبر میں لیکن
بے قیدی و پہنائیِ افلاک نہیں ہے

معانی: بے قیدی: آزادی ۔ پہنائیِ افلاک: کھلا میدان ۔
مطلب: آسمان کو خاموش سمجھا جاتا ہے ہنگامہ ہائے ہو صرف زمین پر سمجھے جاتے ہیں اس پس منظر میں علامہ کہتے ہیں کہ قلندر کی قبر میں آسمانوں جیسی خاموشی تو ضرور ہے لیکن آسمانوں جیسی بے حدودی اور وسعت نہیں ہے ۔ اور قلندر کا جنون اس تنگ فضا میں نہیں سما سکتا ۔ اس لیے قلندر کو خاک کے نیچے یعنی قبر میں بھی آرام نہیں ہے ۔ وہ وہاں بھی وسعتوں کے لیے اور کچھ کر گزرنے کے لیے بے تاب رہتا ہے ۔