بزم انجم
سورج نے جاتے جاتے شامِ سیہ قبا کو طشتِ افق سے لے کر لالے کے پھول مارے
معانی: انجم: جمع نجم، ستارے ۔ شامِ سیہ قبا: اندھیرے کی وجہ سے کالے لباس والی شام کہا ۔ طشت: تسلا، تھال ۔ لالے کے پھول: مراد آسمان کے کنارے پر پھیلی ہوئی سرخی ۔
مطلب: سورج نے غروب ہوتے ہوئے جب دن کو الوداع کہا تو روانگی سے قبل شام کے سرمئی رنگ کو نہ صرف یہ کہ اپنے عکس سے لالے کے پھول کی مانند سرخی مائل کر دیا ۔
پہنا دیا شفق نے سونے کا سارا زیور قدرت نے اپنے گہنے چاندی کے سب اتارے
معانی: چاندی کے گہنے: مراد دن کی سفیدی اور روشنی ۔
مطلب: بلکہ آسمان پر شفق یوں نمودار ہوئی جیسے کہ ساری فضا سونے کے زیورات پہنے ہوئے ہے ۔ اور دن میں جو چاندی کے زیورات تھے وہ اتار دیئے ہیں ۔ مراد یہ کہ ان کا سارا منظر تو سورج کی روشنی سے سفیدی مائل تھا جب کہ شام کے لمحات میں اس کا عکس سونے کی مانند زردی مائل ہو گیا ۔
محمل میں خامشی کے لیلائے ظلمت آئی چمکے عروس شب کے موتی وہ پیارے پیارے
معانی: لیلائے ظلمت: تاریکی، اندھیرے کی لیلیٰ، مراد اندھیرا ۔ عروس شب: رات کی دلہن ۔ موتی: مراد ستارے ۔
مطلب: اس لمحے بڑی خامشی کے ساتھ فضا پر اندھیرا پھیل گیا اور اس اندھیرے آسمان پر ستارے اس طرح سے جگمگا رہے تھے جیسے موتی چمک رہے ہوں ۔
وہ دُور رہنے والے ہنگامہَ جہاں سے کہتا ہے جن کو انساں اپنی زباں میں تارے
معانی: ہنگامہَ جہاں : دنیا کی رونق، چہل پہل ۔
مطلب: انسان جن کو ستاروں کے نام سے تعبیر کرتا ہے وہ ہم سے کتنی دور یعنی آسمان پر رہتے ہیں ۔
محوِ فلک فروزی تھی انجمن فلک کی عرشِ بریں سے آئی آواز اک ملک کی
معانی: فلک فروزی: آسمان کو روشن کرنے کا عمل ۔ فلک کی انجمن: مراد چاند ستارے ۔ مَلک: فرشتہ ۔
مطلب: اس لمحے آسمان کی ساری محفل اپنی سجاوٹ اور تزئین میں مصروف تھی کہ آسمان سے ایک فرشتے کی آواز بلند ہوئی ۔
اے شب کے پاسبانو! اے آسماں کے تارو تابندہ قوم ساری گردوں نشیں تمہاری
معانی: پاسبانو: جمع پاسبان، محافظ ۔ تابندہ: روشن ۔ قوم: یعنی چاند تارے ۔ گردوں نشیں : آسمان پر بیٹھنے والی ۔
مطلب: فرشتے نے ستاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بے شک تم رات کے محافظ ہو اور تمہاری چمکنے والی قوم آسمان پر بودوباش رکھتی ہے ۔
چھیڑو سرود ایسا، جاگ اٹھیں سونے والے رہبر ہے قافلوں کی تابِ جبیں تمہاری
معانی: تابِ جبیں : ماتھے، پیشانی کی چمک ۔
مطلب: ایسا نغمہ اور ساز چھیڑو کہ جن کو سن کر سونے والے بیدار ہو اٹھیں ۔ دراصل راہ چلنے والے قافلوں کے لیے تمہاری روشنی رہنمائی کا کام دیتی ہے ۔
آئینے قسمتوں کے تم کو یہ جانتے ہیں شاید سنیں صدائیں اہلِ ز میں تمہاری
معانی: آئینے قسمتوں کے: یہ عام خیال ہے کہ ستاروں کی گردش سے تقدیریں بنتی یا بگڑتی ہیں ۔ صدا: آواز ۔ اہلِ ز میں : مراد انسان ۔
مطلب: یہ قافلے والے تمہیں اپنے مقدر کا آئینہ تصور کرتے ہیں اور اس امر کا امکان بھی ہے کہ زمین پر رہنے والے لوگ بھی تمہاری صدائیں سن سکیں ۔
رخصت ہوئی خموشی تاروں بھری فضا سے وسعت تھی آسماں کی معمور اس نوا سے
معانی: معمور: بھری ہوئی ۔ نوا: آواز ۔
مطلب: فرشتے کی یہ صدا سن کر ستاروں کی فضا سے خاموشی ختم ہو گئی اور آسمان کی وسعت میں یہ آواز اس سرے سے لے کر اس سرے تک پھیل گئی ۔
حُسنِ ازل ہے پیدا تاروں کی دلبری میں جس طرح عکسِ گل ہو شبنم کی آرسی میں
معانی: حسنِ ازل: قدر ت کا حسن ۔ دلبری: پیارا ہونا ۔ عکسِ گل: پھول کی تصویر ۔ آرسی: مراد چھوٹا سا آئینہ ۔
مطلب: ستارے جو اب میں یو ں گویا ہوئے کہ ہماری خوبصورتی سے حسن ازل کا اظہار ہوتا ہے اسی طرح جیسے شبنم کے شفاف قطروں میں پھولوں کا عکس نمایاں ہوتا ہے ۔
آئینِ نو سے ڈرنا، طرزِ کہن پہ اڑنا منزل یہی کٹھن ہے قوموں کی زندگی میں
معانی: آئینِ نو: مراد زمانے کے موجود دستور، تقاضے ۔ طرزِ کہن: مراد پرانا انداز زندگی ۔ کٹھن: دشوار، مشکل ۔
مطلب: سن لو! کہ قوموں کی زندگیوں میں وہ وقت بہت کٹھن اور دشوار ہوتا ہے جب انہیں قدیم روایات کو تج کر نئی روایات اور نئے اصول قبول کرنا پڑیں ۔
یہ کاروانِ ہستی ہے تیزگام ایسا قو میں کچل گئی ہیں جس کی رواروی میں
معانی: کاروان ہستی: زندگی کا قافلہ یعنی زندگی ۔ تیز گام: بہت تیز چلنے والا ۔ کچل جانا: فنا ہو جانا،مٹ جانا ۔ رواروی: مراد لگاتار تیز چلتے رہنا ۔
مطلب: زندگی دراصل اس قدر تیز رفتار واقع ہوئی ہے کہ اس کے چل چلاوَ میں بہت سی قو میں کچلی گئی ہیں ۔
آنکھوں میں ہیں ہماری غائب ہزاروں انجم داخل ہیں وہ بھی لیکن اپنی برادری میں
معانی: غائب: اوجھل ۔ برادری: خاندان، جماعت ۔
مطلب: اگرچہ ہماری نگاہوں سے ہزارہا ستارے ہماری نظر سے اوجھل ہیں اس کے باوجود ان کا تعلق تو ہماری برادری ہی سے ہے ۔
اک عمر میں نہ سمجھے اس کو زمین والے جو بات پا گئے ہم تھوڑی سی زندگی میں
مطلب: بے شک ہماری عمر مختصر تھی لیکن جو نتاءج ہم اخذ کر سکے وہ اہل زمین نہیں سمجھے ۔
ہیں جذبِ باہمی سے قائم نظام سارے پوشیدہ ہے یہ نکتہ تاروں کی زندگی میں
معانی: جذب باہمی: ایک دوسرے کی کشش ۔ نظام قائم ہونا: بندوبست برقرار، جاری رہنا ۔ پوشیدہ: چھپا ہوا ۔ نکتہ: گہری، اہم بات ۔
مطلب: کہ باہمی ربط و ضبط اور اتفاق سے سارے نظام قائم ہیں ۔ یہی نکتہ تاروں کی زندگی میں پوشیدہ ہے ۔