Please wait..

عالمِ نو

 
زندہ دل سے نہیں پوشیدہ ضمیرِ تقدیر
خواب میں دیکھتا ہے عالمِ نو کی تصویر

معانی: عالم نو: نیا جہان ۔ پوشیدہ: چھپی ہوئی ۔ ضمیر تقدیر: تقدیر کا باطن ۔ زندہ دل: وہ دل جو روحانی طور پر جی رہا ہو ۔
مطلب: جس شخص کا دل روحانی طور پر زندہ ہے اس سے تقدیر کا باطن چھپا ہوا نہیں ہے ۔ وہ اس کے رازوں کو خوب جانتا ہے ۔ صرف بیداری ہی میں نہیں بلکہ نیند کی حالت میں بھی وہ نئے نئے جہانوں کی تصویریں دیکھتا ہے ۔ وہ اپنے زمان میں مقید نہیں ہوتا بلکہ اس سے آگے بہت کچھ دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

 
اور جب بانگِ اذاں کرتی ہے بیدار اسے
کرتا ہے خواب میں دیکھی ہوئی دنیا تعمیر

معانی: بانگ: آوازن، اذان، نماز کے لیے پکار ۔ بیدار کرنا: جگانا ۔
مطلب: اللہ کا وہ بندہ جس کا دل روحانی طور پر زندہ ہوتا ہے وہ نیند کی حالت میں بھی سچے خواب دیکھتا ہے اور اللہ تعالیٰ بعض اوقات خواب کی حالت میں اسے وہ کچھ دکھا دیتا ہے جو کچھ اسے کرنا ہوتا ہے ۔ اللہ کا ایسا بندہ جب صبح کی اذان سن کر جاگتا ہے تو جس دنیا کو اس نے خواب کی حالت میں دیکھا ہوتا ہے اس کو بنانے اور سنوارنے میں لگ جاتا ہے ۔

 
بدن اس تازہ جہاں کا ہے اسی کی کفِ خاک
رُوح اس تازہ جہاں کی ہے اسی کی تکبیر

معانی: کفِ خاکی: مٹی کی مٹھی ۔ تکبیر: اللہ اکبر کی صدا ۔
مطلب: یہ مردِ حق جو نئے جہان تعمیر کرتا ہے وہ ظاہری مٹی یا سنگ و خشت کے نہیں ہوتے بلکہ اس نئے جہان کا بدن اور اپنے دل زندہ کی مٹی سے پیدا کرتا ہے ۔ یہ جہان روحانی اور فکری ہوتا ہے اس جہان کے بدن میں جو روح ہوتی ہے وہ عام انسانی روح نہیں ہوتی بلکہ اللہ اکبر یعنی توحید کی روح موجود ہوتی ہے ۔ یہ ہے وہ عالم نو جو زندہ دل رکھنے والے لوگ پیدا کرتے ہیں ۔