Please wait..

ادبیات

 
عشق اب پیروی عقلِ خداداد کرے
آبرو کوچہَ جاناں میں نہ برباد کرے

معانی: ادبیات:ادب سے متعلق جملہ باتیں ، ادب سے یہاں مراد ہے شعر و شاعری اور دوسری اصناف ۔ پیروی کرنا: پیچھے چلنا، تقلید کرنا ۔ عقل خداداد: خدا کی دی ہوئی عقل ۔ آبرو: عزت ۔ کوچہ جاناں : معشوق کی گلی ۔
مطلب: آج کل کے ادب کے متعلق اقبال یہ رائے دیتے ہیں کہ یہ عشق سے یعنی سوز اور جذبہ سے بالکل خالی ہے حالانکہ یہ ادب کے دو بنیادی وصف ہیں ۔ آج کل کے ادیب عشق کے بجائے خدا کی دی ہوئی عقل کے غلام ہیں اور معشوق کی گلی میں جا کر اپنی عزت برباد کرنے کے حق میں نہیں ہیں ۔ یعنی وہ جذبے اور عشق سے بالکل خالی ہیں ۔

 
کہنہ پیکر میں نئی روح کو آباد کرے
یا کہن روح کو تقلید سے آزاد کرے

معانی: کہنہ پیکر: پرانا جسم ۔ کہن روح: پرانی روح ۔ تقلید سے آزاد کرنا: پیروی سے چھڑانا ۔
مطلب: آج کے ادیبوں کو اپنی جدید راہ چھوڑ کر یا تو یہ کرنا چاہیے کہ پرانی طرز کی شاعری میں نئی جان پیدا کریں اور انہیں آدمیت و انسانیت اور قومی اور قومی اور وطنی ترقی کے موضوعات سے آشنا کریں اور اگر وہ یہ نہیں کر سکتے تو پھر یہ کریں کہ پرانی شاعری کو ہی اپنائیں لیکن اس کی روح کو روایتی پیروی سے چھڑا کر اس میں نئے نئے اسالیب و معانی پیدا کریں ۔