Please wait..

دنیا

 
مجھ کو بھی نظر آتی ہے یہ بوقلمونی
وہ چاند، یہ تارا، وہ پتھر، یہ نگیں ہے

معانی: بوقلمونی: رنگارنگی ۔ نگیں : نگینہ ۔
مطلب: اے شخص مجھ کو بھی دنیا کی رنگارنگی نظر آتی ہے ۔ تیری طرح میں بھی دیکھتا ہوں کہ آسمان پر چاند نکلا ہوا ہے تارے چمک رہے ہیں ۔ زمین پر اور پہاڑوں میں پتھر اور نگینے موجود ہیں ۔

 
دیتی ہے مری چشمِ بصیرت بھی یہ فتوے
وہ کوہ ، یہ دریا ہے، وہ گردوں ، یہ ز میں ہے

معانی: چشمِ بصیرت: دیکھنے والی آنکھ ۔ فتوے: حکم، فیصلے ۔
مطلب: میری دیکھنے والی عقلی آنکھ بھی یہ فیصلہ دیتی ہے یا یہ تمیز کرتی ہے کہ یہ پہاڑ ہے یہ دریا ہے ۔ یہ آسمان ہے اور یہ زمین ہے ۔

 
حق بات کو لیکن میں چھپا کر نہیں رکھتا
تو ہے، تجھے جو کچھ نظر آتا ہے ، نہیں ہے

معانی: اگرچہ وہ سب کچھ دیکھتا ہوں لیکن یہ سچ بات کہنے سے بھی نہیں رک سکتا کہ تو ہے تو یہ سب کچھ ہے ۔ تو نہیں تو کچھ بھی نہیں ہے ۔ اصل وجود تیرا ہے ۔ باقی سب کچھ تیرے وجود کی وجہ سے ہے ۔ اس لیے تو پہلے اپنے وجود کو پہچان اور پھر یہ سب کچھ دیکھ ۔