Please wait..

قوت اور دین

 
اسکندر و چنگیز کے ہاتھوں سے جہاں میں
سو بار ہوئی حضرتِ انساں کی قبا چاک

معانی: اسکندر: یونان کا بادشاہ جس نے بہت سے ملک فتح کیے ۔ چنگیز: تاتاری سردار جس نے ایران اور دوسرے اسلامی ممالک کو برباد کیا ۔ انسان کی قبا چاک: یعنی انسانوں کا قتل کیا ۔
مطلب: اسکندر اور چنگیز جیسے عظیم اور ظالم فاتحوں کے ہاتھوں حضرت انسان کا لباس سو بار پھٹا ۔ مراد یہ ہے کہ دنیا میں ایسے فاتحین نے اور ظالم و جابر حکمرانوں نے انسانیت و آدمیت کی بارہا تذلیل کی ہے اور خون بہایا ہے ۔

 
تاریخِ امم کا یہ پیامِ ازلی ہے
صاحب نظراں ! نشہ قوت ہے خطرناک

معانی: ازلی:پہلے دن کا ۔ صاحبِ نظراں : دیکھنے والو! یعنی اے عقل والو ۔ نشہَ قوت: طاقت کا نشہ ۔
مطلب: قوموں کی تاریخ ہمیشہ سے یہ پیام دے رہی ہے کہ اے نظر رکھنے والو یاد رکھو کہ قوت کا نشہ بڑا خطرناک ہوتا ہے جس شخص یا قوم کے پاس قوت آ جاتی ہے وہ اپنی طاقت کے نشہ میں نیک و بد ہر قسم کا قدم اٹھا لیتی ہے ۔

 
اس سیلِ سبک سیر و ز میں گیر کے آگے
عقل و نظر و علم و ہنر ہیں خس و خاشاک

معانی: سیلِ سبک سیر: تیز طوفان ۔ ز میں گیر: زمین پر چھا جانا، زمین کو فتح کر لینا ۔ خس و خاشاک: گھاس، کوڑا کرکٹ ۔
مطلب: قوت کا نشہ زمین پر پھیل جانے والے تند و تیز سیلاب کی مانند ہوتا ہے جو سب کچھ بہا کر لے جاتا ہے ۔ قوت کے نشہ کے سیلاب کے سامنے مفتوح قوموں اور افراد کی عقل ، نظر ، علم، ہنر وغیرہ گھاس پھوس کی طرح بہہ جاتا ہے ۔

 
لادیں ہو تو ہے زہرِ ہلاہل سے بھی بڑھ کر
ہو دیں کی حفاظت میں تو ہر زہر کا تریاک

معانی: زہر ہلاہل: ہلاک کرنے والا زہر ۔ تریاک: زہر کے علاج کی دوا ۔
مطلب: اگر قوت کا نشہ بے دین ہو تو یہ ہلاک کر دینے والے زہر سے بھی بڑھ کر ہے ۔ ہاں اگر دین کی اس پر قدغن ہو یا دین کے لیے ہو تو پھر یہی قوت زہر کا علاج بن جاتی ہے ۔ جنگیزیت اسی لیے ظلم و جبر کی انتہا تھی کہ اس پر دین کی قدغن نہیں تھی ۔ جو قوت بھی دین کے سایہ کے بغیر ہو گی وہ چنگیزیت ہی ہو گی ۔ دین کے سایہ میں جو تلوار اور جو قوت استعمال کی جائے گی وہ رحمت ہو گی ۔