غلاموں کی نماز
(ترکی وفد ہلال احمر لاہور میں )
کہا مجاہد ترکی نے مجھ سے بعدِ نماز طویل سجدہ ہیں کیوں اس قدر تمہارے امام
معانی: ترکی وفد ہلال احمر لاہور میں : ہلال احمر، سرخ ہلال، ہلال پہلے رات کے چاند کو کہتے ہیں ۔ عیسائیوں کی سرخ صلیب (ریڈ کراس کے مقابلے میں ترکوں نے مریضوں کی دیکھ بھال اور ضرورت مندوں کی امداد کے لیے سرخ ہلال (ریڈ کریسنٹ) کے نام سے ایک تنظیم قائم کی تھی جس کا وفد برصغیر کے مسلمانوں سے ملنے آیا ہوا تھا ۔ طویل: لمبا ۔ اس قدر: اتنے ۔ امام: نماز کا پیشوا ۔ ترکی: ایک مسلمان ملک کا نام، مجاہد: اللہ کی راہ میں جنگ کرنیوالا ۔
مطلب: ترکوں کی انجمن ہلال احمر کے وفد کے ارکان نے برصغیر کی کسی مسجد میں جب باجماعت نماز پڑھی تو نماز کی امامت کرانے والے پیش امام کو دیر تک سجدے میں گئے ہوئے دیکھ کر ایک ترکی مجاہد نے علامہ سے سوال کیا کہ تمہاری نمازوں کے امام اتنے لمبے سجدے کیوں کرتے ہیں ۔ حالانکہ تین دفعہ اس میں سبحان ربی الاعلی کہنے میں زیادہ دیر نہیں لگنی چاہیے ۔
وہ سادہ مردِ مجاہد، وہ مومنِ آزاد خبر نہ تھی اسے کیا چیز ہے نمازِ غلام
مطلب: ترک جو کبھی کسی کے غلام نہیں رہے تھے علامہ کہتے ہیں کہ ترکی کے اس وفد کے ساتھ آنے والے مجاہدین (اللہ کی راہ میں لڑنے والوں ) کو کیا معلوم تھا کہ نماز غلام کیا ہوتی ہے ۔ اگر خبر ہوتی تو وہ مرد مجاہد شاید یہ سوال نہ کرتا(یاد رہے اس وقت برصغیر انگریزوں کا غلام تھا) ۔
ہزار کام ہیں مردانِ حُر کو دنیا میں انھی کے ذوقِ عمل سے ہیں اُمتوں کے نظام
معانی: مردانِ حر: آزاد مرد ۔ ذوق عمل: عمل کی لذت ۔ امتوں : اقوام ۔ مقام: مرتبہ ۔
مطلب: جو لوگ آزاد ہوتے ہیں اور آزاد قوم کے فرد ہوتے ہیں انہیں نماز کے علاوہ اور ہزار کام بھی کرنے ہوتے ہیں کیونکہ قوموں کے مراتب عمل اور کام کرنے کی لذت سے حاصل ہوتے ہیں ۔ رزم ہو یا بزم، امن ہو یا جنگ ہر دور میں ان کے لیے ہزار قسم کی باتیں سوچنے اور کرنے کی ہوتی ہیں لیکن غلام ان ذمہ داریوں سے آزاد ہوتا ہے اور آقاؤں کی مرضی پر چلتا ہے ۔ خود بے حس اور بے ذوق عمل ہوتا ہے ۔
بدن غلام کا سوزِ عمل سے ہے محروم کہ ہے مرور غلاموں کے روز و شب پہ حرام
معانی: سوز عمل: کام کرنے کی حرارت ۔ محروم: بے نصیب ۔ مرور: گزرنے کا عمل ۔ روزو شب: دن رات ۔
مطلب: غلاموں کا جسم کام کرنے یا عمل کی حرارت سے بے نصیب رہتا ہے ۔ سوائے غلامی کے اور اپنے آقاؤں کی مرضی میں ہاں سے ہاں ملانے کے اور انہیں کیا کام ہوتا ہے ۔ ان کی زندگیوں کے دن رات اس طرح نہیں گزرتے جس طرح آزاد لوگوں کے گزرتے ہیں بلکہ ان پر ان کے دن رات کا گزرنا ایسا ہی ہوتا ہے جیسے کسی حرام چیز کا کھا لینا ۔ یعنی ان کے دن رات بے کار گزرتے ہیں ۔
طویل سجدہ اگر ہیں تو کیا تعجب ہے ورائے سجدہ غریبوں کو اور کیا ہے کام
معانی: طویل سجدہ: لمبا سجدہ ۔ تعجب: عجیب ہو ۔ ورائے سجدہ: سجدے کے سوا ۔
مطلب: اگر برصغیر کے غلام مسلمانوں کے امام نماز میں لمبے لمبے سجدے کرتے ہیں تو آزاد قوموں کے ترک مجاہدوں کو حیران نہیں ہونا چاہیے کیونکہ آزاد قوم کے لوگوں کے لیے تو ہزاروں سینکڑوں کام کرنے کو ہوتے ہیں ۔ ان بے چارے غلام قوم کے اماموں کو سوائے نماز پڑھانے اور ان میں لمبے سجدے کر کے وقت گزارنے کے اور کیا کام کرنا ہے
خدا نصیب کرے ہند کے اماموں کو وہ سجدہ جس میں ہے ملت کی زندگی کا پیام
معا نی: ملت: مسلمان قوم ۔ پیام: پیغام ۔ امام: نماز پڑھانے والا ۔
مطلب: علامہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ سے میری دعا ہے کہ ہندوستان کے پیش اماموں کو نماز میں ایسے سجدے کرنے کی توفیق ہو جس میں طوالت بے شک نہ ہو لیکن زندگی کا پیغام ضرور ہو اور جب وہ سبحان ربی الاعلی (سب سے اعلیٰ رب کی پاکی کی بات کریں ) تو قوم کو واقعی درس دیں کہ سب سے اعلیٰ اور ارفع جس کی غلامی کا شرف حاصل کرنا چاہیے خدا کی ذات ہے نہ کہ دنیا کے افراد اور اقوام ۔ اس لیے انہیں انگریزوں کی غلامی سے نجات حاصل کرنی چاہیے ۔