Please wait..

نگاہ

 
بہار و قافلہَ لالہ ہائے صحرائی
شباب و مستی و ذوق و سرور و رعنائی

معانی: لالہ ہائے صحرائی: صحرا میں کھلے ہوئے لالے کے پھول جو سرخ رنگ کے ہوتے ہیں ۔ شباب: جوان ۔ رعنائی: ظاہری رونق، زیبائی ۔
مطلب: یوں لگتا ہے موسم بہار ہو ، صحرا کے سرخ رنگ کے لالہ کے پھولوں کے قافلے سامنے ہوں ، جوانی کا زمانہ ہو اور اس عمر کی مستی دل و دماغ پر چھائی ہوئی ہو ، ہر قسم کی لذت اٹھانے کی خواہش موجود ہو اور سرور یا خوشی حاصل کرنا بھی مقصود ہو ، اور حسن و جمال اپنی کمال زیبائی پر ۔

 
اندھیری رات میں یہ چشمکیں ستاروں کی
یہ بحر! یہ فلکِ نیلگوں کی پہنائی

معانی: چشمکیں : آنکھوں کے اشارے ۔ بحر: سمندر ۔ فلک نیلگوں : نیلا آسمان ۔ پہنائی: وسعت ۔ عروس قمر: چاند کی دلہن ۔
مطلب: رات کی تاریکی ہو اور اس میں ستارے ایک دوسرے سے اشاروں میں مصروف ہوں ۔ سمندر ہو یا نیلے آسمان کی وسعت ہو ۔

 
سفر عروسِ قمر کا عماری شب میں
طلوعِ مہر و سکوت سپہر مینائی

معانی: عرو س قمر: چاند کی دلہن ۔ عماری شب: رات کی ڈولی ۔ طلوع مہر: سورج کا نکلنا ۔ سکوت سپہر مینائی: نیلے رنگ کے آسمان کی خاموشی ۔
مطلب: رات کے کچاوے یا ڈولی میں چاند کی دلہن کا سفر ہو ۔ سورج نکل رہا ہو اور نیلے آسمان پر خاموشی چھائی ہو ۔

 
نگاہ ہو تو بہائے نظارہ کچھ بھی نہیں
کہ بیچتی نہیں فطرت جمال و زیبائی

معانی: بہائے نظارہ: نظارے کی قیمت ۔ فطرت: قدرت ۔ جمال: حسن ۔ زیبائی: زینت ۔
مطلب: ان سب کو دیکھنے کے لیے انسان کے پاس نظر چاہیے ورنہ ان نظاروں کو دیکھنے کا تو قدرت کوئی معاوضہ نہیں چاہتی اور نہ ہی قدرت ان نظاروں کے حسن و جمال کو اور زینت و کمال کو بیچتی ہے ۔ یہ تو مفت کے نظارے ہیں ۔ شرط صرف یہ ہے کہ انسان کے پاس دیکھنے والا حسن نظر موجود ہو اگر یہ نہیں تو یہ سارے حسین و جمیل نظارے اس کے لیے بے کار ہیں ۔