Please wait..

بچے کی دعا
(ماخوذ)

 
لب پہ آتی ہے دُعا بن کے تمنّا میری
زندگی شمع کی صورت ہو خدایا میری

مطلب: خدائے عزوجل کی بارگاہ میں بچہ دعا کرتا ہے کہ میرے لبوں پر یہ دعا آرزو بن کر مچل رہی ہے کہ میری زندگی شمع کی مانند ہو ۔

 
دُور دنیا کا مرے دم سے اندھیرا ہو جائے
ہر جگہ میرے چمکنے سے اُجالا ہو جائے

مطلب: شمع جو گھور اندھیرے کو منور کر دیتی ہے لیکن خود جلتی رہتی ہے ۔ دنیا میں جہالت کی جو تاریکی چھائی ہے، بار الہٰ وہ میرے علم کی بدولت دور ہو جائے ۔

 
ہو مرے دم سے یونہی میرے وطن کی زینت
جس طرح پھول سے ہوتی ہے چمن کی زینت

مطلب: جس طرح پھول چمن کی زیبائش اور زینت کا سبب ہوتا ہے اسی طرح میری ذات میرے وطن کی زیبائش کا سبب بن جائے ۔

 
زندگی ہو مری پروانے کی صورت یارب
علم کی شمع سے ہو مجھ کو محبت یارب

مطلب: خداوندا! جس طرح پروانہ شمع پر نثار ہو کر زندہَ جاوید ہو جاتا ہے اسی طرح مجھ کو بھی صلاحیت عطا کر کہ اپنی جدوجہد اور قربانی سے وطن کو سنوار سکوں ۔

 
ہو مرا کام غریبوں کی حمایت کرنا
دردمندوں سے، ضعیفوں سے محبت کرنا

مطلب: میری ذمہ داری یہ ہے کہ ہر شخص سے محبت کروں ، غریبوں ، کمزوروں اور ضرورت مندوں کے کام آوَں ۔

 
مرے اللہ! بُرائی سے بچانا مجھ کو
نیک جو راہ ہو، اس رہ پہ چلانا مجھ کو

مطلب: میرے مولا مجھے ہر طرح کی برائی سے بچا کر نیکی کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا کر ۔