Please wait..

ہندی مسلمان

 
غدارِ وطن اس کو بتاتے ہیں برہمن
انگریز سمجھتا ہے مسلماں کو گداگر

معانی: غدارِ وطن: قوم کو نقصان پہنچانے والا ۔ برہمن: ہندو ۔ گداگر: فقیر ۔
مطلب: یہاں علامہ نے ان مسلمانوں کی بات کی ہے جو تقسیم برصغیر سے پہلے کے ہیں اور کہا ہے کہ برہمن مسلمان کو وطن کا غدار سمجھتا ہے کیونکہ وہ خیال کرتا ہے کہ مسلمان الگ وطن کا مطالبہ کرتے ہیں اور ہمارا ساتھ نہیں دیتے ۔ انگریز مسلمان کو بھکاری سمجھتا ہے اور کہتا ہے کہ مسلمان ہر وقت کچھ نہ کچھ مانگتا ہی رہتا ہے کبھی نوکریاں اور کبھی اسمبلیوں کی ممبریاں اور کبھی حقوق ۔

 
پنجاب کے اربابِ نبوت کی شریعت
کہتی ہے کہ یہ مومنِ پارینہ ہے کافر

معانی: پنجاب کے اربابِ نبوت: مرزا قادیانی کے دعوے ۔ شریعت: احکام مذہب ۔ پارینہ: پرانا ۔
مطلب: پنجاب میں مرزا غلام احمد قادیانی جس نے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا کے پیروکار یہ کہتے ہیں کہ ہماری شریعت سچی ہے اور یہ پرانے مسلمان جو ہمارے نبی کو نہیں مانتے وہ کافر ہیں ۔

 
آوازہَ حق اٹھتا ہے کب اور کدھر سے
مسکیں دِلکم ماندہ دریں کشمکش اندر

مطلب: ان حالات میں جب کہ ہر طرف سے مسلمان کے خلاف جھوٹی باتیں ہو رہی ہیں دیکھیے کون مرد حق پیدا ہوتا ہے اور کب پیدا ہوتا ہے اور کب سچی بات کہنے والا مسلمانوں میں آتا ہے ۔ میرا چھوٹا سا غریب دل تو اسی کشمکش میں رہتا ہے کہ کب خدا کی طرف سے ایسا مرد حق آتا ہے اور ہندوستان کے مسلمانوں کو صحیح راستہ دکھاتا ہے ۔