Please wait..

اقوامِ مشرق

 
نظر آتے نہیں بے پردہ حقائق ان کو
آنکھ جن کی ہوئی محکومی و تقلید سے کور

معانی: حقائق: حقیقتیں ۔ محکومی: غلامی ۔ تقلید: مراد سوچے سمجھے بغیر ۔
مطلب: جن مشرقی اقوام کی آنکھیں غلامی اور مغرب کی بے جا پیروی کی وجہ سے اندھی ہو چکی ہیں وہ ان حقیقتوں کو بھی نہیں دیکھ سکتیں جو بالکل ظاہر ہیں ۔ یہ ڈھکی چھپی بات نہیں کہ اہل مغرب اور تہذیب مغرب نے ان کا ستیاناس کر دیا ہے لیکن وہ اس سے بے خبر پھر بھی ان کی پیروی میں خوش ہیں ۔

 
زندہ کر سکتی ہے ایران و عرب کو کیونکر
یہ فرنگی مدنیت کہ جو ہے خود لبِ گور

معانی: فرنگی مدنیت: انگریزی تہذیب ۔ لبِ گور: قبر کنارے ۔
مطلب: ان اہل مغرب کی تہذیب و تمدن جو خود قبر کے کنارے پہنچی ہوئی ہے اور فنا ہونے کے قریب ہے اس سے ایران اور عرب اور دیگر ممالک کیسے زندگی پا سکتے ہیں ۔ ان مشرقی ممالک کو چاہیے کہ فرنگی تہذیب و تمدن سے اپنی جان چھڑائیں اور اپنی اقدار اپنائیں ۔