Please wait..

آزادیِ فکر

 
آزادیِ افکار سے ہے ان کی تباہی
رکھتے نہیں جو فکر و تدبُّر کا سلیقہ

معانی: تدبر: دور اندیشی ۔ سلیقہ: شعور، تمیز ۔
مطلب: جو لوگ سوچ بچار اور دور اندیشی کا شعور اور تمیز نہیں رکھتے اگر وہ اپنے افکار و خیالات میں آزادی اختیار کریں گے تو یہ ان کی تباہی کا موجب ہو گا ۔ آزادی کسی اصول اور طریقہ کے اندر رہتے ہوئے ہونی چاہیے نہ کہ مادر پدر آزادی جیسا کہ آج کل عام ہے ۔

 
ہو فکر اگر خام تو آزادیِ افکار
انسان کو حیوان بنانے کا طریقہ

معانی: خام: ناپختہ ۔ فکر: خیال، سوچ ۔
مطلب: اگر آدمی کا خیال اور اس کی سوچ ناپختہ ہو تو اس کی آزادی خیال و فکر اسے انسان سے حیوان بنا دے گی جیسا کہ آج کے دور کے لوگ خصوصاً مغربی تہذیب و تمدن اور سیاسی افکار کے مارے ہوئے لوگ ہیں ۔