Please wait..

مصلحین مشرق

 
میں ہوں نومید تیرے ساقیانِ سامری فن سے
کہ بزمِ خاوراں میں لے کے آئے ساتگیں خالی

معانی: مصلحین مشرق: مشرقی دنیا کے اصلاح کرنے والے ۔ نومید: نا امید ۔ سامری: مشہور یہودی جادوگر ۔ بزمِ خاوراں : مشرقی دنیا ۔ ساتگیں : بڑا پیالہ ۔
مطلب: اے اہل مشرق جو تمہاری اصلاح کرنے والے ساقی یا راہبر ہیں ان کے پاس جو صراحیاں اور پیالے ہیں وہ صراحی شراب سے خالی ہیں وہ تو سامری کی طرح کے جادوگر ہیں ۔ ہوتے کچھ ہیں اور دکھائی کچھ دیتے ہیں ۔ میں ان اصلاح کرنے والے ساقیوں سے نا امید ہوں جو مشرقی اقوام کی محفل میں شراب سے خالی پیالے لے کر آئے ہوئے ہیں یعنی مقصود ان کا اصلاح نہیں بلکہ لوٹنا ہے ۔

 
نئی بجلی کہاں ان بادلوں کے جیب و دامن میں
پرانی بجلیوں سے بھی ہے جن کی آستیں خالی

معانی: نئی بجلی: نئے خیالات ۔ جیب و دامن: گریباں اور جھولی ۔ پرانی بجلیوں : پرانے خیالات ۔
مطلب: جن اصلاح کا دعویٰ کرنے والوں کے بادلوں کے دامن اور گریبان پرانی بجلیوں سے خالی ہیں ان میں نئی بجلیاں کہاں سے آئیں گی ۔ مراد یہ ہے کہ جو لوگ اپنی روایات ، اقدار اور علوم و فنون سے واقف نہیں ہیں وہ نئے دور کے علوم و فنون اور اقدار و روایات سے تمہیں کیا فائدہ پہنچا سکتے ہیں ۔ وہ نقصان تو پہنچا سکتے ہیں فائدہ نہیں ۔