Please wait..

(51)

 
کی حق سے فرشتوں نے اقبال کی غمّازی
گستاخ ہے کرتا ہے فطرت کی حنا بندی

معانی: غمازی: چغلی کرنا ۔ حنا بندی: مہندی لگانا ۔
مطلب: فرشتوں نے اللہ تعالیٰ سے اقبال کی شکایت کی کہ فطرت کی رونما ئی کر کے اقبال گستاخی کرتا ہے ۔

 
خاکی ہے مگر اس کے انداز ہیں افلاکی
رومی ہے نہ شامی ہے کاشی نہ سمرقندی

مطلب: اگرچہ یہ مٹی کا بنا ہوا انسان ہے مگر اس کے انداز ایسے ہیں جیسے آسمانوں کو تسخیر کرنا چاہتا ہو ۔ جبکہ یہ رومی ، شامی ، کاشغر اور سمر قند کا رہنے والا بھی نہیں ہے بلکہ ہندوستان میں رہتا ہے جہاں بت پرستی عروج پر ہے ۔

 
سکھلائی فرشتوں کو آدم کی تڑپ اس نے
آدم کو سکھاتا ہے آدابِ خداوندی

معانی: آدم کی تڑپ: انسان کی تڑپ ۔ آدابِ خداوندی: خدائی کے انداز اور سلیقے ۔
مطلب: اس مرد مومن نے اپنے اندر کے عشق کے سوز سے نہ صرف انسان میں اضطراب پیدا کر دیا ہے بلکہ اب تو فرشتے بھی خودی دیکھ کر تڑپ اٹھتے ہیں او ر یہی نہیں بلکہ آدم کو دنیا میں خدائی کرنے کے طور طریقے سکھاتا ہے یعنی اپنے اندر خدائی صفات پیدا کرنا سکھاتا ہے تاکہ انسان خدا کا آئینہ بن سکے ۔