جمہوریت
اس راز کو اک مردِ فرنگی نے کیا فاش ہر چند کہ دانا اسے کھولا نہیں کرتے
معانی: مرد فرنگی: ایک یورپی مرد، اشارہ ہے ایک یورپی فلسفی سٹنٹل کی طرف ہے ۔ فاش : ظاہر ۔ دانا: عقل مند آدمی ۔ ہر چند: اگرچہ ۔ جمہوریت: ایسا نظام جس میں حکومت لوگوں کی رائے دہندگی سے منتخب کی جاتی ہے ۔
مطلب: اس بھید کو ایک سٹنٹل نامی یورپی فلسفی نے کھول کر بیان کر دیا ہے اگرچہ یورپی ہونے کے اعتبار سے وہاں کے اس مفکر یا دانش ور کو یہ بیان نہیں دینا چاہیے تھا کیونکہ یہ مغربی طرز جمہوریت نظام ان مغربیوں ہی نے ساری دنیا کو دیا ہے ۔
جمہوریت اک طرزِ حکومت ہے کہ جس میں بندوں کو گِنا کرتے ہیں تولا نہیں کرتے
مطلب: اور وہ راز جو کھولا گیا ہے وہ یہ ہے کہ جمہوریت ایک ایسی طرز حکومت کا نام ہے جس میں اگر پچاس فی صد سے زائد رکن ایک طرف ہو جائیں تو وہ حکومت بنا لیتے ہیں چاہے اوصاف کے لحاظ سے وہ شیطان فطرت ہی کیوں نہ ہوں ۔ اسی تناظر میں مزید یہ بات کہی گئی ہے کہ مغربی طرز کی جمہوریت ایک ایسا نظام ہے جس میں منتخب شدہ ارکان کو گنا جاتا ہے کہ کدھر زیادہ ہیں اور کدھر کم ہیں ۔ ان کی اصل سیر ت کو ان کے کردار کو اور ان کے نظریے کو نہیں دیکھا جاتا اور ظاہر ہے کہ ایسا نظام حکومت اسلام تو کیا انسانیت ہی کی خلاف ہے ۔