Please wait..

جواب ۔ دوسرا بند

 
محبت در گرہ بستن مقامات
محبت در گزشتن از نہایات

مطلب: محبت کسے کہتے ہیں محبت مقاماتِ (زمان و مکان) کو گرہ میں ایک جگہ باندھنے کا نام ہے ۔ محبت کا کیا مطلب ہے محبت نہایات کی آخری منازل سے گزر کر دیدارِ یار تک پہنچنے کا نام ہے ۔

 
محبت ذوق انجامے ندارد
طلوع صبح او شامے ندارد

مطلب: محبت انجام سے بے خبر ہوتی ہے ۔ اس کی صبح کی کوئی شام نہیں ہوتی ( محبت کی کوئی منزل اس کا انجام نہیں وہ محبوب کی قربت میں رہ کر بھی بے چین و بے قرار رہتی ہے ۔ )

 
براہش چون خرد پیچ و خمے ہست
جہانے در فروغ یکدمے ہست

مطلب: اس محبت کے راستے فرد کی طرح بہت پیچیدہ اور کٹھن ہیں محبت کے راستے جتنے بھی دشوار ہوں وہ گھبراتی نہیں جبکہ خرد راستوں کی تکالیف سے گھبرا کر حوصلہ ہار دیتی ہے ۔ اس محبت کے ایک لمحے کی تجلی میں ایک جہان پوشیدہ ہوتا ہے ۔

 
ہزاران عالم افتد در رہ ما
بپایان کے رسد جولانگہ ما

مطلب: ہمارے راہِ محبت میں ہزاروں جہان آتے ہیں ۔ ہماری جدوجہد یا سفر کا میدان جس کی کوئی حد نہیں کیسے ختم ہو گا ۔

 
مسافر جاودان زی جاودان میر
جہانے را کہ پیش آید فرا گیر

مطلب: اے راہِ محبت کے مسافر! تو ہمیشہ زندہ رہ اور ہمیشہ مر ۔ اور تیرے راستے میں جو جہان بھی آئے اسے تسخیر کرے ۔ (ہمیشہ زندہ رہنے اور ہمیشہ مرنے میں حیران کن تضاد ہے ۔ اہل تصوف کی نظر میں خود کو صفات خداوندی کا مظہر بنا کر ہمیشہ کی زندگی حاصل ہو جاتی ہے اور ہمیشہ کا مرنا خود کو اللہ میں فنا کر دینا ہے ۔ )

 
بہ بحرش گم شدن انجام ما نیست
اگر او را تو در گیری فنا نیست

مطلب: اس کے سمندر میں گم ہو جانا ہمارا انجام نہیں ہے ۔ قطرے کو سمندر میں گم کر دینا ہماری زندگی کا مقصد نہیں ہے ۔ اس سے تو قطرے کا وجود ختم ہو جائے گا ۔ ہاں اگر تو سمندر کو خود میں لے لے تو یہ فنا نہیں بقا ہے ۔ خودی کا کمال یہ ہے کہ وہ خود بھی قائم رہتی ہے اور سمندرکو بھی اپنے اندر سمو لیتی ہے ۔

 
خود اندر خودی گنجد محال است
خودی را عین خود بودن کمال است

مطلب: خودی خودی میں سما جائے یہ مشکل ہے ۔ خودی کا کمال اپنا عین ہونے یعنی اپنے ظہور میں ہے) ۔
دوسرے بند کا خلاصہ
انائے مقید جو کہ اصل میں انائے مطلق ہی کا پرتو ہے اپنے اصل کی طرف رجوع کرتی ہے ۔ اور وصالِ یار کی منزل پا لیتی ہے ۔ لیکن یہ وصال اس طرح کا ہے کہ وہ اپنے اصل میں گم نہیں ہوتی بلکہ سمندر میں موج کی طرح الگ بھی رہتی ہے اور شامل بھی ہوتی ہے ۔